کرنل شیرخان شہید کے مجسمے کی بیحرمتی کرنیوالے مزید 2 مرکزی ملزمان گرفتار کر لیے گئے۔ اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ 9 مئی کو ملزمان شیر عالم اور عدنان نے کرنل شیر خان شہید کے مجسمے کو توڑ کر آگ لگائی تھی اور ملزمان کو مردان سے گرفتار کیا گیا۔ مجسمے کی بے حرمتی کے الزام میں گرفتار ملزمان کی تعداد 3 ہوگئی ہے۔
پولیس نے اس سے پہلے بھی ایک ملزم کو گرفتار کیا تھا۔ دوسری جانب وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ فوجی تنصیبات پر حملہ کرنیوالوں کیساتھ ملک دشمنوں جیسا سلوک ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو فوجی تنصیبات پر حملوں کے ذمہ داروں کے خلاف مقدمہ چلانے کیلئے نئی فوجی عدالتیں نہیں بنائی جائیں گی۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ہم کسی کے بھی بنیادی حقوق نہیں چھین رہے، قانون کا استعمال سیاسی مقاصد کیلئے نہیں ہوگا، میں کسی کی حب الوطنی پر شک نہیں کرتا لیکن 9 مئی کو آرمی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کی نیت اور ان کے اس مٹی سے رشتے پر سوالیہ نشان نظر آتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت اداروں کو ٹارگٹ کر رہی ہے، عمران خان دوسرے ممالک کو بھی شامل کر رہے ہیں، پاک فوج کی قربانیاں ہماری تاریخ کا تابناک حصہ ہیں، پاکستانی قوم پاک افواج سے محبت کرتی ہے، یہ وقت ہے کہ ساری قوم متحد ہو کر افواج پاکستان کا اظہار تشکر کرے اور اس رشتے کو مضبوط بنائے۔ سینئر لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ ایک شخص نے صرف اقتدار کیلئے اساس پر حملہ کیا، ایئربیس پر حملہ دشمن کرتا ہے کوئی محب وطن قومی اثاثوں پر حملہ نہیں کرسکتا، سیاستدانوں کے پاس اقتدار آتا جاتا رہتا ہے لیکن ہم نے کبھی افواج پاکستان کے ساتھ اپنے رشتے پر سوالیہ نشان نہیں بنایا۔
قبل ازیں سیالکوٹ میں افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی نکالی گئی، ریلی میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے خصوصی شرکت کی، ریلی کے شرکاء نے افواج پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے، وزیر دفاع نے چونڈہ میں یادگار شہداء کا دورہ بھی کیا۔ خواجہ آصف نے مزید کہا کہ قانون کے مطابق بنیادی حقوق کی حفاظت کی جا رہی ہے، حملے میں ملوث افراد کے خلاف مقدمات درج کئے جا رہے ہیں، قانون کااستعمال سیاسی مقاصد کیلئے نہیں ہوگا، فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کے ساتھ وہی سلوک کیا جائے گا جو قانون کے مطابق پاکستان کے دشمنوں کے ساتھ کیا جاتا ہے۔
ادھر مسلم لیگ (ق) کے رہنما اور سابق گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا ہے کہ جنہوں نے فوجی تنصیبات پر حملے کا جرم کیا ہے ان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ مسلم لیگ (ق) کی جانب سے افواج پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ریلی کا انعقاد کیا گیا، شرکاء نے ہاتھوں میں پاک آرمی کے حق میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ اس موقع پر سابق گورنر پنجاب چودھری سرور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ نے پاکستان بنایا تھا، آج ہمارا ملک مشکلات سے گزر رہا ہے، ہماری جماعت ملک کو مشکلات سے نکالے گی۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان کے شہیدوں نے اپنی جانیں پیش کرکے ملک کو بچایا، آج ان کے گھروں پر حملہ کیا گیا جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔
No comments:
Post a Comment